ڈیرہ غازی خان میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحمید کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

منگل 14 اکتوبر 2025 17:08

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے کہا ہے کہ تبادلہ سرکاری ملازمت کا حصہ ہوتا ہے، مگر فرض شناسی، خلوص اور لگن سے کام کرنے والے افسران ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالحمید کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹر عبدالحمید کو گنگا رام ہسپتال لاہور میں مزید سرکاری خدمات کی انجام دہی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ایم ایس ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحمید نے ایمانداری، محنت اور کمٹمنٹ کے ساتھ ادارے کی بہتری کے لیے دن رات کام کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، خوش اخلاقی اور مثبت رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب میں اے ایم ایس ڈاکٹر حفیظ احمد، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی ہاشم، ڈاکٹر محمد صدیق، ڈاکٹر شکیل احمد لغاری، ڈاکٹر آصف گورمانی، ڈاکٹر ہارون بلال، ڈاکٹر اختر عباس، ڈاکٹر حماد حسن، ڈاکٹر ابرار حسین کھوسہ، ڈاکٹر ظفر اور ڈاکٹر صدیق اکبر سمیت دیگر معزز ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

مقررین نے ڈاکٹر عبدالحمید کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحمید نے انتظامی امور میں بہترین کارکردگی دکھائی اور ڈاکٹرز کالونی کے لانز، ماحول کی خوبصورتی اور شجرکاری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔تبدیل ہونے والے ڈی ایم ایس ڈاکٹر عبدالحمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں تعیناتی کے دوران انہیں سینئر افسران اور ساتھی ڈاکٹرز کی جانب سے محبت، تعاون اور عزت ملی جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔