نئی دلی، سٹوڈنٹ لیڈر شرجیل امام نے عبوری ضمانت کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی

منگل 14 اکتوبر 2025 16:31

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) دلی فسادات سازش کیس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت گرفتار سٹوڈنٹ لیڈر شرجیل امام نے بہار اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے عدالت میں عبوری ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شرجیل امام نے بہار اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینے کے لیے دلی کی ایک عدالت سے 15 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

وہ بہار کے بہادر گنج حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔عبوری ضمانت کی درخواست ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپائی کی عدالت میں دائر کی گئی ہے ، جہاں شرجیل امام کے خلاف دلی فسادات سازش کیس کی سماعت جاری ہے ۔ درخواست میں پٹیالہ ہائوس ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے انجینئر عبدالرشید کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی انتخابی مہم کیلئے عبوری ضمانت دئے جانے کا حوالہ بھی دیاگیاہے ۔شرجیل امام25اگست 2020کو اپنی گرفتاری کے بعد سے مسلسل جیل میں قیدہیں ۔ دلی ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت سے انکار کے خلاف ان کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔