یونیورسٹی آف پشاور کے کالج آف ہوم اکنامک کے زیرِ اہتمام عالمی یوم خوراک کے موقع پر تقریب

منگل 14 اکتوبر 2025 22:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف پشاور کے کالج آف ہوم اکنامکس کے شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن سائنسز کے زیرِ اہتمام عالمی یوم خوراک کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی معاونت فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے کی۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے کوآرڈینیٹر اور یو این ایف اے او خیبرپختونخوا کے ہیڈ آفس Kiyal Akmatbek، پروو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی، ڈاکٹر شکیل احمد اور ڈاکٹر رسول خان نے خصوصی شرکت کی۔

کالج کی پرنسپل ڈاکٹر شازیہ شاہ، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر زہین انجم، فیکلٹی ممبرز اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ ذاکر، مس بینش خان، مس نمرہ، مس ماریہ عبید، مس بینش رشید اور مس فائزہ سجاد نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

تقریب میں فوڈ ویڈیو اور فوڈ انٹرپرینیور اسٹالز کے مقابلوں کے بھی اہتمام کیا گیا جس کے ججز پروفیسر ڈاکٹر سیدہ کنز فاطمہ حیدر، ڈاکٹر آمنہ راحت، ڈاکٹر رابعہ چشتی اور مس زینب گل تھیں۔

فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی پروگرام کوآرڈینیٹر نے کالج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں آ کر بے حد خوشی محسوس ہوئی ہے اور آئندہ بھی ایف اے او تعاون جاری رکھے گا۔طالبات نے عالمی یوم خوراک کی مناسبت سے تحقیقی و معلوماتی پریزنٹیشنز پیش کیں جن میں متوازن غذا، غذائی قلت کے اثرات اور صحت مند زندگی کے لیے خوراک کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

مہمانِ خصوصی ڈاکٹر جوہر علی نے کہا کہ خوراک انسانی بقا کا بنیادی جز ہے اور اس کی کمی یا غیر معیاری ہونے سے نہ صرف صحت بلکہ معاشی و سماجی مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ پرنسپل ڈاکٹر شازیہ شاہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے خوراک اور صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔