پاک افواج کی جانب سے ٹنڈو غلام حیدر کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول جمال دین لاشاری میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

منگل 14 اکتوبر 2025 19:18

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاک افواج کی جانب سے ٹنڈو غلام حیدر کے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول جمال دین لاشاری میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، اس کیمپ میں پاک آرمی اور سی ایم ایچ کے تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم نے عوام کو مفت طبی سہولیات، چیک اپ اور ادویات فراہم کیں۔ فری کیمپ میں گائنی اور جنرل میڈیکل چیک اپ کے علاوہ نزلہ، زکام، بخار، گلے کی خرابی، بچوں کے امراض، کالے یرقان (ہیپاٹائٹس)، خون، شوگر اور ای سی جی ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں میل او پی ڈی 358 اور فیملی اور چلڈرین 480 ٹوٹل او پی ڈی 838 ہوئی پاک فوج کا یہ فلاحی اقدام عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ ٹنڈو غلام حیدر شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے کیمپ سے استفادہ کیا اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مفت طبی کیمپس کا انعقاد کیا جائے تاکہ غریب اور مستحق افراد علاج و ادویات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ کیمپ میں پاک آرمی، سی ایم ایچ کا عملہ، ریونیو افسران موجود تھے جب کہ اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو غلام حیدر غلام سرور بھنبرو نے بھی کیمپ کا وزٹ کیا۔