سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سندھ یونیورسٹی جامشوروکے درمیان صفائی کے لئے منظم اور پائیدار نظام کے لئے ایم او یو سائن کردیا گیا

منگل 14 اکتوبر 2025 19:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سندھ یونیورسٹی جامشوروکے درمیان صفائی کے منظم اور پائیدار نظام بنانے کے لئے ایم او یو سائن کردیا گیا،معاہدے کے مطابق کچرے کو الگ کرنے اور ری سائیکلنگ کے طریقے متعارف کرائے جائیں گے، طلبا اور عملے کے لیے آگاہی کے پروگراموں کا انعقاد معاہدے میں شامل ہیں۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، طارق علی نظامانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ تعلیمی ادارے ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے رونما ہونے والی تبدیلیوں اور نقصانات سے بچا کے لئے منظم صفائی کے نظام کو اہمیت دیتے ہیں اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تعمیری اقدامات میں اپنا بھرپورتعاون پیش کرتے ہیں ہم کافی اداروں کے ساتھ اس مقصد کے لئے رابطے میں ہیں اور متعدد اداروں کے ساتھ ایم او یو سائن ہونے کے بعد صفائی ستھرائی کا نظام سنبھال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

معاہدے کے مطابق یونیورسٹی، اوریونیورسٹی کے اندررہائشی علاقہ، اورہاسٹلزسے روزانہ کچرے کوعلیحدہ علیحدہ جمع کرنے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے ایک منظم نظام تیارکیا گیا ہے جو ایک پائیدار نظام کو فروغ دے گا۔ترکیہ کی کمپنی پاک الطاس کچرے کو الگ کرنے اور ری سائیکلنگ کے طریقے متعارف کرے گی جس سے اخراجات میں کمی اور کچرے کو قابل استعمال بنا یا جائے گا۔

اس منصوبے کو پائیدار ماڈل پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ تقریب میں ایم پی اے ڈاکٹر سکندر علی شورو،وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فتح محمدمری،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر اسرار، پاک الطاس کمپنی کے جنرل منیجر و دیگر موجود تھے۔وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمدنے ایم ڈی سالڈ ویسٹ طارق علی نظامانی اور ترکیہ کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی سالڈ ویسٹ کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور انکی تمام کاوشوں میں ہمارا تعاون یقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات صرف ادارے نہیں ملک کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ شہری اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور انکی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتیں انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی میں طلبہ و عملے کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہماری زمہ داری میں شامل ہے انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ جامعہ سندھ جامشورومیں تقریبا 45 ہزار طلبہ، اساتذہ، رہائشی، اوروزیٹرزآتے ہیں۔

یہاں فی الحال ایک منظم کچرا اٹھانے کے نظام کا فقدان ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے معاہدے کے بعد صفائی ستھرائی اور کچرا جمع کرنے کے لئے ایک منظم نظام، نقل و حمل اورکچرا ٹھکانے لگانے کے لیے پائیدار، اور ٹیکنالوجی سے چلنے والا نظام متعارف ہوگا۔ اس موقع پر پاک الطاس کے جی ایم نے بتایا کہ تقریبا 11 ٹن کچرا روزانہ کی بنیاد پر اٹھایا جائے گا۔

معاہدے میں سینٹری ورکرزودیگر عملہ، منی ٹیپرز، ہاتھ گاڑیاں، ڈسٹ بن، مانیٹرنگ ٹولز، گاڑیوں کی GPS ٹریکنگ، آن لائن حاضری، ماہانہ رپورٹنگ سسٹم شامل ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے ڈاکٹر سکندر علی شورو نے کہا کہ ہم اپنے ضلع میں صفائی ستھرائی اور آلودگی سے پاک ماحول کے لئے مزید اقدامات بھی کررہے ہیں دیگر اداروں کو بھی آن بورڈ لیا جائے گااور کچرے کو علیحدہ علیحدہ رکھنے اور قابل استعمال بنانے کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لئے شہریوں کو آگاہی دی جائے گی۔