پی آئی ٹی بی کی جانب سے سروائیکل کینسر بارے آگاہی سیشن کا انعقاد

منگل 14 اکتوبر 2025 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں سروائیکل کینسر بارے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد خواتین کی صحت سے متعلق شعور دینا اور سروائیکل کینسر کی بروقت روک تھام کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ مہمان خصوصی کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ریلوے کیرنز ہسپتال لاہور ڈاکٹر ماریہ آزاد نے خواتین شرکا کو سروائیکل کینسر کے اسباب، علامات اور بچا ئوسے متعلق جامع پریزنٹیشن دی اور اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے کم عمر بچیوں کی ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی سطح پر آگاہی نہایت ضروری ہے تاکہ اس مرض کے پھیلا وکو روکا جا سکے۔

ڈاکٹر ماریہ آزاد نے مزید کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی، باقاعدہ ورزش اور متوازن غذا قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتی ہے جو بیماریوں کے خلاف ایک قدرتی ڈھال کا کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی ٹی بی کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن وِنگ کا ایک اہم اقدام ہے جو ادارے کے ملازمین کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ورک پلیس کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ذہنی توازن، جسمانی صحت اور آن لائن تحفظ جیسے اہم پہلوں بارے بھی تربیت فراہم کرتا ہے۔

اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ سروائیکل کینسر جیسے حساس موضوعات پر آگاہی دینا نہ صرف خواتین کی صحت کے تحفظ کیلئے ضروری ہے بلکہ ایک ذمہ دار ادارے کے طور پر پی آئی ٹی بی کا فرض بھی ہے کہ اپنے ملازمین میں صحت و فلاح کے حوالے سے شعور اجاگر کرے۔