لیسکوکا صارفین کی سہولت کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے کیو آرکوڈ کے ذریعے آن لائن بل ادائیگی کی نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف

منگل 14 اکتوبر 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) لیسکو نے اپنے صارفین کی سہولت کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے کیو آرکوڈ کے ذریعے آن لائن بل ادائیگی کی نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرادی ہے۔لیسکو کے صارفین اب کسی بھی موبائل بینکنگ ایپ کے ذریعے اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔

اس سہولت کے تحت صارفین کو بینک برانچز یا بل جمع کرانے کے مراکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے وقت اور محنت کی بچت ممکن ہوگی۔کمپنی کے مطابق ہر لیسکو بل پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہوگی، تاکہ صارفین گھر بیٹھے تیز، آسان اور محفوظ طریقے سے اپنے بل جمع کرا سکیں۔ یہ اقدام لیسکو کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز کو فروغ دینے اور صارفین کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ لیسکو اپنے صارفین کو سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بل ادائیگی کا نظام نہ صرف صارفین کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ کمپنی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیسکو مستقبل میں بھی ایسے جدید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صارفین کو بہترین سروسز فراہم کی جا سکے۔