حکومت بلوچستان سرمایہ کاری کے فروغ اورکاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے، وائس چیئرمین

منگل 14 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بی بی او آئی ٹی نے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جن کے نتیجے میں صوبے کی معاشی ترقی کی رفتار میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے حالیہ دنوں میں مختلف صنعتی و تجارتی منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے جس کے مثبت اثرات معیشت پر نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بی بی او آئی ٹی نے سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں صنعتی زونز کے قیام اور موجودہ زونز کی توسیع پر بھی کام جاری ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی معیشت میں استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ صوبے کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :