ڈبلیو ایس ایس سی ایم نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائپ لائن تبدیل ،دو یونین کونسل میں ماڈل پائپ لائن بچھانے کی منظوری دیدی

منگل 14 اکتوبر 2025 21:40

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شہریوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر21.5کلومیٹر پائپ لائن تبدیل کرنے اور دو یونین کونسل میں ماڈل پائپ لائن بچھانے کی منظوری دیدی گئی۔پائپ لائن کی تبدیلی،مرمت اورتنصیب کے لئے مجموعی طور پر دس کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔

کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 78واں اجلاس چیئرمین انجنیئر عادل نواز کی صدارت میں ہوا جس میںبورڈ کے ممبران جاوید حسین،مبینہ رضی الدین،چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ فہد افتخار،ریجنل میونسپل آفیسر ذیشان عارف جبکہ محکمہ خزانہ سے ایڈیشنل سیکرٹری طلعت فہد،لوکل گورنمنٹ سے ایڈیشنل سیکرٹری عبد الہادی زوم کے ذریعے شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے دس یونین کونسل میں قائم واٹر سپلائی پائپ لائن کئی سال پرانا ہے اور اس میں آئے روز مرمت کے مسائل پیش آرہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مردان شہر میں گلوبل واٹر آپریٹرز پارٹنرشپ الائنس کے تعاون سے نان ریونیو واٹر سٹڈی مکمل ہو گئی ہے جس میں مختلف علاقوں میں پائپ لائن کی تبدیلی کی نشاندہی کر دی گئی تھی جس پر بورڈ آف ڈائریکٹرز نی21.5کلومیٹر پائپ لائن کو تبدیل کرنے کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں کمپنی کے تمام امور کو ڈیجیٹائزڈ کرنے کے لئے بھی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انجینئر عادل نواز نے کہا کہ پیپر لیس ماحول کے فروغ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بورڈ کے ایجنڈے، کاروائیوں اور دیگر سرکاری دستاویزات کیلئے آن لائن سسٹم رائج کیا جائے تاکہ کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گاڑیوں کی مؤثر مانیٹرنگ اور اخراجات میں کمی کیلئے ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے دو رس نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :