لاہور میں انسدادِ پولیو مہم جاری ، دوسرے روز تک 95 فیصد ہدف حاصل

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مہم کے دوسرے روز تک95 فیصد سے زائد ہدف حاصل کر لیا گیا جبکہ ایک بھی ریفیوزل کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

پولیو مہم کے دوران اب تک4 لاکھ 29 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔گھر پر دستیاب نہ ہونے والے45 ہزار سے زائد بچوں کو بھی فالو اپ کے دوران ویکسین دی گئی۔عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے مبصرین نے لاہور میں انسداد پولیو مہم کو انتہائی موثر اور شاندار قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی اور ڈی سی لاہور سید موسی رضا کی قیادت کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ یہ مہم ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا قومی فریضہ ہے۔ ہمارا ہدف لاہور کو پولیو فری سٹی بنانا ہے۔ شہری پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ٹیمیں فیلڈ مانیٹرنگ مزید موثر بنائیں اور دستیاب نہ ہونے والے بچوں کے فالو اپ کو یقینی بنائیں۔پولیو کا خاتمہ ہی ہمارا عزم ہے، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ نے کہا کہ لاہور کی فیلڈ ٹیمیں مثالی کام کر رہی ہیں، کسی قسم کی کوتاہی رپورٹ نہیں ہوئی۔

متعلقہ عنوان :