وہاڑی میں پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت 56 کسانوں میں سپر سیڈرز کی تقسیم، 60 فیصد سبسڈی فراہم

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:45

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انسدادِ سموگ پروگرام ”پنجاب کلین ایئر“ کے تحت محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ریڈک ہال وہاڑی میں سپر سیڈرز کی قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ن لیگی ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت رانا محمد عارف کے مطابق 360 درخواست دہندگان میں سے 202 کسان قرعہ اندازی کے لیے اہل قرار پائے، جن میں سے 56 خوش نصیب کسان منتخب ہوئے۔ اس اسکیم کے تحت کسانوں کو سپر سیڈر مشینیں 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کی جا رہی ہیں، جن کی کل قیمت 13 لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔ ہر کامیاب کسان کو 8 لاکھ 4 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ 5 لاکھ 36 ہزار روپے کسان خود ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ حکومت پنجاب ایگری کلچر میکانائزیشن کے ذریعے زراعت میں جدت لا رہی ہے، سپر سیڈر کے استعمال سے دھان کی باقیات جلانے کے واقعات میں کمی اور فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے گا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان نے کہا کہ جدید مشینری کے فروغ سے ماحول دوست کاشتکاری ممکن بنائی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب زرعی اصلاحات کے لیے کروڑوں روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران، چوہدری محمد جاوید، اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔\378