وزیر زراعت پنجاب کی قیادت میں اعلی سطحی وفد کا چین کا دورہ

بدھ 15 اکتوبر 2025 17:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ سطحی وفد نے چین کا دورہ کیا۔اس اعلیٰ سطحی وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوںودیگر اعلی افسران شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پائی سیٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ ایک اہم ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو جبکہ پائی سیٹ کی جانب سے ضعیم شیکو نے معاہدے پر دستخط کیے۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق پنجاب میں زراعت کو ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو بہتر رہنمائی اور زیادہ پیداوار کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کے تحت فصلوں کی کاشت سے لے کر برداشت تک تمام مراحل کی سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔مزید برآں، فصلوں کا جغرافیائی سروے کیا جائے گا جبکہ کیڑوں اور بیماریوں کی سرویلنس بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ممکن بنائی جائے گی۔وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ نئے نظام کے تحت فصلوں پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا بروقت پتہ لگایا جا سکے گا جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور نقصانات میں کمی ممکن ہو گی۔