لاہور ہائیکورٹ، شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل پر سماعت20 اکتوبر تک ملتوی

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے 9مئی واقعات میں پولیس تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے اور جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمے میں شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف پراسکیوشن کی اپیل پر سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے ہدایت کی کہ اس نوعیت کی دیگر اپیلوں کو بھی یکجا کیا جائے تاکہ تمام مقدمات کی سماعت ایک ہی روز کی جا سکے۔

(جاری ہے)

عدالت نے قرار دیا کہ دو رکنی بینچ20 اکتوبر کو تمام یکساں نوعیت کے کیسز کو اکٹھا سماعت کرے گا۔جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پنجاب حکومت کی طرف سے محکمہ پراسیکیویشن کی دائر اپیل پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو حقائق کے برعکس بری کیا۔ٹرائل کورٹ نے مقدمے کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ بریت کا فیصلہ کاالعدم قرار دیا جائے۔