میئرکراچی نے جاپان میں عالمی میئرز فورم 2025 میں پاکستان کا مؤقف موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھرپور انداز میں پیش کردیا

بدھ 15 اکتوبر 2025 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جاپان کے شہر ٹویوٹا سٹی میں منعقدہ عالمی میئرز فورم 2025 میں شرکت کی، جہاں دنیا بھر کے میئرز نے ماحولیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی اور شہری منصوبہ بندی سے متعلق اپنے تجربات اور حکمتِ عملی پیش کی، میئر کراچی نے اس موقع پر پاکستان، بالخصوص سندھ حکومت کی جانب سے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی، فورم میں شریک عالمی رہنماؤں نے ماحولیاتی مزاحمتی اقدامات، شہری منصوبہ بندی میں سبزانفراسٹرکچر کے فروغ اور توانائی کے مؤثر استعمال پر زور دیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت کے اشتراک سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان کی فعال شرکت عالمی سطح پر موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے ہمارے عزم اور سنجیدگی کی عکاس ہے، انہوں نے کہا کہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد سندھ حکومت نے 21 لاکھ کلائمٹ ریزیلینٹ ہومز (موسمیاتی مزاحمتی گھر) بنانے کا تاریخی منصوبہ شروع کیا جن میں سے 12 لاکھ گھر مکمل ہوچکے ہیں،انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر صرف بحالی کا عمل نہیں بلکہ ایک پائیدار اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ میں موسمیاتی چیلنجز کا مقابلہ جدید پالیسیوں، مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کے ذریعے کیا جا رہا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اپنے مضبوط عزم کا اظہار کر رہا ہے تاکہ نہ صرف اپنے شہریوں کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے بلکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر ماحولیات کے تحفظ کی عالمی کوششوں کو بھی تقویت دی جا سکے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور شراکت داری سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے اور یہی پائیدار ترقی کی اصل بنیاد ہے۔