صفا کوئٹہ کمپنی کی جانب سے پیسے وصولی ناقابل قبول، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری، رکن صوبائی کونسل عزت اللہ کاظمی، سلیمان علی، منظور حسین، علی مدد حیدری، اسداللہ ہزارہ، مختار حسین و دیگر نے کہا ہے کہ تاجروں کے حقوق کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا اور صفا کوئٹہ کمپنی کی جانب سے صفائی کے نام پر دکانداروں سے پیسے وصول کرنا کسی طور پر قابل قبول نہیں۔

یہ بات انہوں نے اپنے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کہی۔ رہنماؤں نے کہا کہ گزشتہ دنوں علمدار روڈ، جناح روڈ، پرنس روڈ، میکانگی روڈ اور منان چوک سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں صفا کوئٹہ کے اہلکاروں نے دکانداروں سے صفائی کے نام پر رقوم وصول کیں، جو غیر قانونی، غیر اخلاقی اور عوام دشمن اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی کا نظام برقرار رکھنا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر اس کی کارکردگی گزشتہ طویل عرصے سے صفر کے برابر رہی ہے۔

مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلسے جلوس کے دوران بھی شہر میں صفائی ستھرائی کا کوئی خاطر خواہ انتظام نظر نہیں آتا، جس کے باعث عوام اور تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب جب شہر کو صفا کوئٹہ کے حوالے کیا گیا ہے تو صفائی کا نظام مزید درہم برہم ہوچکا ہے۔ جگہ جگہ گندگی، کچرے کے ڈھیر اور تعفن نے شہری زندگی کو متاثر کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف ٹیکسوں اور بلوں سے پہلے ہی پریشان تاجروں سے صفائی کی مد میں پیسے مانگنا ظلم کے مترادف ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر ان غیر قانونی وصولیوں کا نوٹس نہ لیا اور تاجروں کو ریلیف فراہم نہ کیا تو مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری متحد ہے، کسی ناجائز اقدام کو برداشت نہیں کرے گی اور اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔