بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا قابلِ احترام اور فعال حصہ ہیں، گیلانی

بصارت سے محروم افراد کے لئے شمولیت، رسائی، مساوی مواقع اور باوقار طرزِ زندگی کو یقینی بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، چیئر مین سینٹ

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:40

ا سلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا قابلِ احترام اور فعال حصہ ہیں جنہوں نے اپنی محنت، عزم اور حوصلے سے ثابت کیا ہے کہ معذوری کسی بھی صلاحیت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔بصارت سے محروم افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے لئے شمولیت، رسائی، مساوی مواقع اور باوقار طرزِ زندگی کو یقینی بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، ایک ایسا معاشرہ جو اپنے کمزور طبقات کو سہارا دے اور ان کے لئے رکاوٹوں سے پاک ماحول پیدا کرے وہی حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور انسان دوست معاشرہ کہلاتا ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کے لئے سفید چھڑی خوداعتمادی، خودمختاری اور حوصلے کی علامت ہے، جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ زندگی میں چیلنجز کے باوجود کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اداروں اور پالیسی سازوں کو چاہئے کہ وہ ایسے عملی اقدامات کریں جن سے بصارت سے محروم افراد تعلیم، روزگار اور معاشرتی زندگی میں برابری کی بنیاد پر حصہ لے سکیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹ کی جانب سے معذور افراد، خصوصاً بصارت سے محروم شہریوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور شمولیتی پالیسیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں کسی کی معذوری نہیں بلکہ اٴْس کی صلاحیت اور کردار اٴْس کی پہچان بنے۔