Live Updates

یوسف رضا گیلانی کی پاک۔افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود پر کئے گئے حملے کی مذمت

افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابلِ افسوس اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، چیئر مین سینٹ

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاک۔افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود پر کئے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابلِ افسوس اور بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے پیشہ وارانہ مہارت، عزم اور بہادری کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے قومی غیرت و شجاعت کی نئی مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع میں ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی دفاعی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے افغانستان کی جانب سے کئے گئے بے بنیاد دعوئوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان مادرِ وطن کے دفاع کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات