سامسن گروپ آف کمپنیز کے وفد کی ہارون اختر خان سے ملاقات، سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع لامحدود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہارون اختر

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سامسن گروپ آف کمپنیز کے انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی۔وفد میں لارڈ عامر سرفراز آف کینسنگٹن، جنرل پیٹرک سینڈر، میاں یوسف جمال شاہ، وقار ملک، گروپ سی ای او وسیم الرحمٰن، بیرسٹر منصور شاہ، جنرل منیجر مارٹن شلٹز اور کرنل آصف چوہدری شامل تھے۔

ملاقات میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے کردار، صنعتی ترقی اور پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے پی سی مالم جبہ اور مالم جبہ ریزورٹ کی جانب سے علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وڑن پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملک بھر میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کا مقصد پاکستان کے شمالی علاقوں میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جو کہ قدرتی حسن سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع لامحدود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالم جبہ ریزورٹ جیسے منصوبے پاکستان کی مثبت شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کریں گے اور ملک کی سیاحت کی صنعت کو فروغ دیں گے۔انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ اور سی ای او مالم جبہ نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں عالمی معیار کے ریزورٹس تعمیر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے اور ملک کی مہمان نوازی کی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔