Live Updates

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت صفا کوئٹہ انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس بدھ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر برائے بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر فیصل خان، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن مجیب الرحمٰن قمبرانی اور ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

وزیر اعلی نے اجلاس کے دوران کوئٹہ شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام اور صفا کوئٹہ پروجیکٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام علاقوں سے کچرے کے پرانے ڈھیر مکمل طور پر صاف کیے جائیں اور صفائی کے نظام کو مؤثر و پائیدار بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے، اس کی صفائی ستھرائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کی مرکزی شاہراہوں، مارکیٹوں، رہائشی علاقوں اور نالوں کی صفائی کے عمل میں کوئی غفلت نہ برتی جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری، افرادی قوت اور مربوط نگرانی کے ذریعے صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ صوبائی حکومت شہری سہولتوں کی بہتری کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو کامیاب ماڈل کے طور پر دیگر شہروں تک وسعت دی جا سکے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات