صوبائی وزیر منشااللہ بٹ کا پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس کا دورہ ،لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل منشا اللہ بٹ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی اور دیگر افسران نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر کو محکمہ لیبر کی مجموعی کارکردگی پنجاب سوشل سکیورٹی، لیبر ویلفیئر اور ورکرز ویلفیئر فنڈز کے مختلف منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہیں مریم نواز راشن کارڈ پروگرام، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے دیگر جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کم از کم اجرت کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

فیکٹریوں میں لیبر لاز پر عملدرآمد کے لیے مو ثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ مزدوروں کو اپنی چھت کی فراہمی کے لیے نئی لیبر کالونیاں قائم کی جا رہی ہیں جبکہ ورکرز ویلفیئر سکولوں میں طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مزدور ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور کسی کو ان کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ورکرز اپنی شکایات 1314 ہیلپ لائن پر درج کروا سکتے ہیں، جہاں ان کے مسائل کے حل کے لیے فوری ایکشن لیا جائے گا۔