ایسا فریم ورک تشکیل دیا جائے جس سے معیشت کو پائیدار ،طویل المدت ترقی ملے‘ علی عمران آصف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایسا فریم ورک تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس سے معیشت کو پائیدار اور طویل المدت ترقی ملے ،اصلاحات کے باعث ترقی یا استحکام نہ آنے کا عذر بلا جواز ہے کیونکہ اصلاحات ایک جاری عمل کا نام ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان نے معاشی استحکام کی جانب نمایاں پیشرفت کی ہے لیکن یہ پائیدار نہیں ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ سیاسی استحکام اور امن و امان کی صورتحال کاہر لمحے تبدیل ہونا ہے ، سیلاب کی وجہ سے معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اس کے اثرات مالی سال کے اختتام پر واضح ہو سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستانی معیشت کی درجہ بندی میں بہتری کا اشارہ دیا ہے لیکن ہمیں زمینی حقائق بھی دیکھنے چاہئیںکہ یہاں کتنا فرق پڑا ہے ،معاشی استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات ایک ساتھ آگے بڑھنے چاہئیں اور اس کے لئے وسیع تر مشاورت کا عمل ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں اور ایس ایم ایز کو تحفظ دے ،بجلی اور گیس کی قیمتیںاس سطح پر ہونی چاہئیں جس سے ہمارے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان دنیا میں حریف ممالک کا مقابلہ کر سکیں ،ہمیںپائیدار برآمدات کی طرف سفر کو تیز کرنا ہوگا۔