انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں کاروبار سے متعلق ورکشاپس کا انعقاد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے سٹوڈنٹ ڈویلپمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے زیر اہتمام "اپنا کاروبار شروع کریں اور اسے بڑھائیں: میں نے کیسے کیا؟ آپ کیسے کر سکتے ہیں؟" کے عنوان سے دو ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپس جامعہ کے دونوں مرد و خواتین کیمپس میں منعقد ہوئیں جن میں معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی جن میں ہاشوانی گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امین ہاشوانی (آن لائن)، سوزوکی موٹرز کی سی ای او فاطمہ عظیم اور ڈی پی ایل کے بانی و سی ای او سید احمد شامل تھے۔

ورکشاپس میں مقررین نے طلبہ کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کئے اور کاروبار شروع کرنے کے عملی مراحل پر مفید مشورے دیئے۔ تقریب سے ایس ڈی پی سی کے انچارج ڈاکٹر محمد عارف سلیم نے افتتاحی خطاب کیا اور طلبہ کو مارکیٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

خواتین کیمپس میں فاطمہ عظیم اور مردانہ کیمپس میں سید احمد نے طلبہ سے براہ راست خطاب کیا۔ تقریب میں 350 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سٹوڈنٹ ڈویلپمنٹ اینڈ پلیسمنٹ سیل نگہت زریں نے اعلان کیا کہ دسمبر 2025 میں جامعہ میں جاب فیئر کا انعقاد کیا جائے گا۔ آخر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور انچارج اکیڈمک افیئرز ڈاکٹر کہکشاں عروج نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یادگاری شیلڈز پیش کیں۔