ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کا یونین کونسل سہلڈ کا دورہ، ویکسینیشن عمل کا جائزہ لیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:07

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ایبٹ آباد میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے ،جس کے تحت پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں،مہم کی نگرانی ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کر رہی ہے تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے یونین کونسل سہلڈ کا دورہ کیا اور انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی و ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران سی ایم او یونین کونسل سہلڈ خلیل الرحمن نے ڈپٹی کمشنر کو جاری پولیو مہم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ میں موجود ٹیموں سے ملاقات کی ،ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے،ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ آنے والی نسل کو معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے،ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت اور دیگر شراکت دار ادارے باہمی تعاون سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں،اس مہم کے دوران حفاظتی اقدامات،ٹیموں کی سیکیورٹی اور بروقت ویکسین کی ترسیل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :