پیپلز پارٹی عوامی جماعت ،ہمیشہ غریب اور پسماندہ طبقے کی آواز بنی رہی ہے،رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک اپنے عوامی خدمت کے جذبے اور عوام دوست رویے کے باعث سریاب کے عوام میں بے حد مقبول ہیں۔ حال ہی میں وہ جتک ہاؤس آصف آباد میں اپنے حلقے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے ملے، جہاں عوام نے اپنے مسائل پیش کیے۔

اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے عوام کے مسائل نہایت توجہ سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ عوام نے شکایت کی کہ علاقے میں ترقیاتی کاموں میں سستی، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، پینے کے پانی کی قلت اور بجلی کے مسائل درپیش ہیں۔ اس پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وہ عوام کے خادم ہیں، اور ان کی ہر ممکن خدمت ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ غریب اور پسماندہ طبقے کی آواز بنی رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سریاب کے تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا تاکہ یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔عوام کی بڑی تعداد نے حاجی علی مدد جتک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ واحد نمائندہ ہیں جو ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں اور مسائل کو سنجیدگی سے حل کرانے کے لیے کوشاں رہتے ہیںآخر میں، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اور ان شاء اللہ سریاب کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔