قومی مینز انڈر 19 ون ڈے کپ ، فائنل میں لاہور بلیوز نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) قومی مینز انڈر 19 ون ڈے کپ کے فائنل میں لاہور بلیوز نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پی سی بی کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے فائنل میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ علی مہدی رضوی 36 اور عبدالقادر 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لاہور بلیوز کے نقیب اللہ اور ابتسام اظہر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور بلوز نے مطلوبہ ہدف 39.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جہانگیر بلال نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خصر بٹ 46 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ نقیب اللہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

لاہور بلوز کے کپتان علی حسن بلوچ نے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

فیصل آباد کے مومن قمر بہترین بائولر، علی حسن بلوچ بہترین بیٹر جبکہ کراچی وائٹس کے سجاد احمد بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ فاتح ٹیم لاہور بلوز کو 20 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ راولپنڈی کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ قومی انڈر 19 ون ڈے کپ میں ملک بھر کی 18 ٹیموں نے حصہ لیا۔ لاہور بلوز نے گروپ "اے" اور راولپنڈی نے گروپ "بی" میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔