سوات، مختلف ٹریفک حادثات، ایک ہی خاندان سمیت متعدد افراد زخمی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 18:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سوات کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق سخرہ مٹہ میں موٹر سائیکل حادثہ پیش آیا جس میں فضل ہادی ولد محمد الیاس ساکن نوخارہ کلے زخمی ہوگیا۔ ریسکیو 1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی کو ٹی ایچ کیو اسپتال مٹہ منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح مٹہ کے علاقے سمبٹ میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں 21سالہ ارشد ولد فضل رحیم زخمی ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال مٹہ پہنچا دیا۔ادھر کبل کے علاقے گل جبہ میں تیز رفتاری کے باعث ڈبل سیٹر گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی جس میں ایک ہی خاندان کے چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 48سالہ عبد الودود، 15سالہ حضرت علی، 6سالہ محمد حسن اور 5سالہ برکت علی شامل ہیں۔ ریسکیو 1122نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کبل منتقل کردیا۔