رونالڈو فیفا کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:30

رونالڈو فیفا کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے
لزبن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) فیفا ورلڈکپ کوالیفائیرز میں ہنگری اور پرتگال کے درمیان میچ کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے دو گول اسکور کرکے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے کرلیا، وہ فیفا ورلڈکپ کوالیفائیرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والے پلیئر بن گئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پرتگال کو اپنے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی خوشی مؤخر کرنا پڑی جب ہنگری کے خلاف ان کا میچ 2-2 سے برابر ہوگیا ، حالانکہ کرسٹیانو رونالڈو کے دو گول نے میزبان ٹیم کو برتری دلا دی تھی۔

پرتگال کو اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کرنے کا موقع اس وقت مل سکتا تھا اگر وہ یہ میچ جیت جاتے، تاہم اب انہیں انتظار کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

گروپ میں 4 میچوں کے بعد پرتگال کے 10 پوائنٹس ہیں، جو دوسرے نمبر پر موجود ہنگری سے 5 پوائنٹس آگے ہیں، جب کہ دونوں ٹیموں کے 2،2 میچ باقی ہیں، آئرلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اس دوران، 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے 22ویں منٹ میں گول کرکے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا، یہ ان کا 40واں گول تھا، جس سے انہوں نے ریٹائرڈ گواتی مالا کے اسٹرائیکر کارلوس رٴْوئز کو پیچھے چھوڑ دیا۔رونالڈو نے میچ کے دوران ہی اپنا 41واں کوالیفائنگ گول مکمل کیا، جس کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے، وہ اب تک اپنے ملک کے لیے 143 واں بین الاقوامی گول کرچکے ہیں۔

رونالڈو نے کہاکہ وہ اپنا کیریئر ابھی چند سال اور جاری رکھنا چاہتے ہیں اور اگلے سال ورلڈ کپ جیتنا ان کا سب سے بڑا خواب ہے۔اپنے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا تھا کہ میں چند سال اور کھیلنا چاہتا ہوں، میں اب بھی اچھا کھیل رہا ہوں، اپنے کلب اور قومی ٹیم دونوں کی مدد کر رہا ہوں۔ پھر کیوں نہ کھیلتا رہوں اس سے قبل یہ ریکارڈ کارلوس رٴْوئز کے پاس تھا، جنہیں ’دی لٹل فِش‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، انہوں نے گواتی مالا کے لیے 47 کوالیفائرز میں 39 گول اسکور کیے تھے۔رونالڈو کے سب سے بڑے حریف لیونل میسی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے ارجنٹینا کے لیے 72 کوالیفائنگ میچوں میں 36 گول کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :