گرینڈ ماسٹر محمد اشرف طائی کی حکومت سے علاج اور اکیڈمی کے تحفظ کی اپیل

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:02

گرینڈ ماسٹر محمد اشرف طائی کی حکومت سے علاج اور اکیڈمی کے تحفظ کی اپیل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان میں کراٹے کے بانی گرینڈ ماسٹر محمد اشرف طائی نے حکومت سے علاج اور اکیڈمی کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پاکستان میں کراٹے کے بانی اور مارشل آرٹس کے گرینڈ ماسٹر محمد اشرف طائی، جنہوں نے ملک بھر میں 26لاکھ سے زائد کھلاڑیوں کو کراٹے کی تربیت دی، ان دنوں شدید ذہنی اور جسمانی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

دل اور گردوں کے عارضے سمیت دیگر بیماریوں کا شکار ہونے والے ماسٹر طائی نے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کے علاج میں مدد فراہم کی جائے۔ ماسٹر طائی نے اپنی اکیڈمیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش چورنگی پر قائم تاریخی ’’گوونز کرکٹ کلب‘‘ اور کورنگی میں موجود ’’طائی کراٹے اکیڈمی‘‘ کرائے کی عمارتوں میں ہیں، جو ان کے لیے مالی بوجھ کا سبب بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری علالت کے باعث اکیڈمی میں سیکھنے والوں کی تعداد اب اتنی نہیں ہے کہ ان اکیڈمیوں کا کرایہ اٹھایا جا سکے اور یہ بوجھ ان کے لیے مزید ذہنی پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کی اکیڈمیوں کو ان کے نام پر الاٹ کیا جائے تاکہ یہ تاریخی ادارے بچائے جا سکیں اور کراٹے کے کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔ ماسٹر اشرف طائی نے مزید کہا کہ انہوں نے اس کھیل میں نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزرا ہے ۔