تعلیم ہی ترقی، خوشحالی اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔گورنر پنجاب

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تعلیم ہی ترقی، خوشحالی اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔ نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے کاسپیریئر کالج پنڈی گھیب، اٹک میں انٹرمیڈیٹ ICS-2025 کے سالانہ امتحانات کی تقریب تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب نے راولپنڈی بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالبعلم محمد روباس کو دو لاکھ روپے کا چیک اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔محمد روباس نے 1200 میں سے 1097 نمبر حاصل کر کے راولپنڈی بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور ضلع اٹک کا نام روشن کر دیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اتنی شاندار کامیابی حاصل کرنا قابلِ تحسین ہے۔

پنڈی گھیب کے باصلاحیت طلبہ نے اپنی محنت اور لگن سے پنجاب کے بڑے بڑے کالجوں کے طلبہ کو پیچھے چھوڑ کر ثابت کیا ہے کہ دیہی علاقوں کے نوجوان کسی سے کم نہیں۔ مجھے اس مٹی اور اپنے طلبہ پر فخر ہے۔انہوں نے کاسپیریئر کالج کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے پنجاب کے معروف تعلیمی اداروں کی طرز پر طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول اور سہولیات فراہم کی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ میرے علاقے کے طلبہ نہایت ذہین اور محنتی ہیں، ان کی مالی معاونت کے لیے ہمیشہ حاضر رہوں گا۔ کسی بھی طالبعلم کو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم ادھوری نہیں چھوڑنے دوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت بنیادی انسانی حقوق ہیں جن پر عوام کا برابر کا حق ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔

ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ تعلیم ہی وہ قوت ہے جو غربت، جہالت اور بے روزگاری کے اندھیروں کو مٹا سکتی ہے۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب نے پوزیشن ہولڈر طلبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوانوں کی کامیابیاں ہی قوم کا اصل فخر ہیں۔