فیصل آباد کی سڑکوں کی مرمت کا آغاز،صدر ایف سی سی آئی کا ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سے اظہار تشکر

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر فاروق یوسف شیخ نے شہر کی سڑکوں کی مرمت کا کام ترجیحی بنیاد پر شروع کرنے پر کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر کی سب سے اہم شاہراہ کینال روڈ کی مرمت کا کام جاری ہے جسے ٹریفک کے بہاؤ کے دوران ہی مکمل کرنا یقینا ایک مشکل مرحلہ ہے ،تاہم چیمبر کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامی افسروں کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ اِس کام کو انتہائی تیزی سے مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اِس کی پائیدار ی کو بھی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کینال روڈ پر نئے کیمرے بھی لگائے جانے چاہئیں تاکہ مانیٹرنگ اور سرویلنس کے ذریعے جرائم پر بھی قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر سے کہا کہ وہ نجی شعبے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی سیف سٹی کے نظام سے منسلک کریں اس سلسلے میں چیمبر بھی اُن کی مدد کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انتہائی کم نفری سے بھی بہترین نتائج دے رہی ہے اور کیمروں کی تنصیب سے جرائم پیشہ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ امن وامان کی مجموعی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :