ویتنامی کاروباری وفد کا لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر گفتگو

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ویتنام کے ایک اعلی سطحی کاروباری وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل این پی ڈی ویتنام جوائنٹ اسٹاک کمپنی مس ٹران تھی لیوئن نے کی، جبکہ پاکستان میں ویتنام کے اعزازی قونصل رضوان فرید نے اس ملاقات میں موجود تھے۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے ویتنامی وفد کو خوش آمدید کہا اور رضوان فرید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم ملاقات کو ممکن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور نہ صرف تاریخ، فن اور ثقافت کا مرکز ہے بلکہ یہ تیزی سے ترقی کرتا ہوا صنعتی اور تجارتی شہر بھی ہے۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان 1972 سے مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک گزشتہ 50 سال سے زائد عرصے سے تجارت اور معاشی تعاون میں ایک دوسرے کے شراکت دار ہیں۔

انہوں نے ویتنام کی شاندار معاشی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کے مطابق ویتنام کی جی ڈی پی 476 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اس کی برآمدات 519 ارب ڈالر اور درآمدات 382 ارب ڈالر ہیں۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت ابھی اپنی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 202425 میں پاکستان کی ویتنام کو برآمدات 226.6 ملین ڈالر جبکہ درآمدات 374 ملین ڈالر رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر مارکیٹ ایکسس اور کاروباری روابط (B2B) کو فروغ دے کر دونوں ممالک آسانی سے تین ارب ڈالر تک تجارتی حجم بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈی میڈ گارمنٹس، کاٹن یارن، ڈیری مصنوعات، چائے، فوڈ آئٹمز، زراعت، پیکیجنگ اور سیاحت جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ لاہور چیمبر بھی پاکستانی اور ویتنامی کاروباری اداروں کے درمیان روابط قائم رکھنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

اعزازی قونصل ویتنام رضوان فرید نے کہا کہ پاکستان کے تجارتی ایجنڈے میں ویتنام کو اہم حیثیت حاصل ہے اور یہ 2025 کے دوران ویتنامی کاروباری وفد کا تیسرا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنامی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جبکہ لاہور چیمبر دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 16 ارکان پر مشتمل یہ وفد سی فوڈ، سیاحت اور الیکٹرانکس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھتا ہے اور ملاقات کے بعد مفید B2B سیشنز بھی منعقد ہوئے۔