پنجاب کے کسانوں کا پنجاب حکومت کی فصل کی باقیات نہ جلانے کی مہم کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جدید زرعی مشینری کے استعمال اور دھان کی فصل کی باقیات نہ جلانے کی آگاہی مہم نے تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع کے کسانوں نے پنجاب حکومت کی فصل کی باقیات نہ جلانے کی مہم کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار جدید مشینری کے استعمال سے سموگ کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعلی کے فصل کی باقیات نہ جلانے کی مہم کا کسانوں کی جانب سے بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی ٹیمیں دھان اور گندم کے کاشتی علاقوں میں آگاہی مہم چلا رہی ہیں۔ محکمہ زراعت کی ٹیمیں ہر علاقے کے کسانوں کو فصل کی باقیات نہ جلانے پر قائل کرتی اور انہیں سوپر سیڈر و جدید مشینری کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازکی فصل کی باقیات نہ جلانے کی مہم میں اس وقت 91 بیلرز اور 814 کبوٹا ہارویسٹرز کام کر رہے ہیں، بیلرز کے ذریعے اب تک 31630 ایکڑ رقبے پر فصل کی باقیات اٹھائی گئی ہیں جبکہ کبوٹا ہارویسٹرز کے ذریعے اب تک 314000 ایکڑ رقبے سے فصل کی باقیات جمع کی جا چکی ہیں۔

کسانوں کی بڑی تعداد نے پنجاب میں پہلی بار فصل کی باقیات جلانے کے بجائے اسے جانوروں کے چارے کے لیے جمع کیا۔کاشتکاروں نے پنجاب حکومت کی آگاہی ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس بار فصل کی باقیات نہیں جلائیں، اس سے سموگ پیدا اور لوگ بیمار ہوتے ہیں، کھیت میں آگ لگانے کے بجائے ہم نے اس دفعہ مشینوں کے ذریعے پرالی جمع کی ہے ،جسے جانوروں کے چارے کے لئے استعمال کریں گے، پنجاب حکومت کی مہم کی وجہ سے اس بار کھیتوں میں آگ نہیں لگائی۔ وزیراعلی مریم نواز نے ماحول اور زراعت دوست اقدامات میں تعاون پر پنجاب کے کسانوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :