پاکستان نیوی میں مستقل کمیشن کے تحت کیڈٹ کی بھرتی کا اعلان،رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 نومبر مقرر

جمعہ 17 اکتوبر 2025 18:43

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) پاکستان نیوی میں مستقل کمیشن 2026-A کے تحت کیڈٹ کے طور پر بھرتی کا اعلان، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سینٹر سکھر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نیوی میں مستقل کمیشن 2026-A کے تحت کیڈٹ کی بھرتی کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 2 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔

پاکستانی شہریت رکھنے والے وہ امیدوار جو میٹرک اور ایف ایس سی (یا O/A لیول) میں کم از کم 60 فیصد نمبروں کے ساتھ فزکس، ریاضی اور کیمسٹری،فزکس، ریاضی اور کمپیوٹر سائنس،فزکس، ریاضی اور اسٹیٹسٹکس کے مضامین میں کامیاب ہو چکے ہیں، درخواست دینے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

ایف ایس سی پری انجینئرنگ کے وہ طلبہ جنہوں نے پارٹ ون میں 65 فیصد نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے اور 15 مئی 2026 سے قبل ایف ایس سی مکمل کرنے والے ہیں، وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ پری میڈیکل کے طلبہ بھی درخواست جمع کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ 15 مارچ 2026 سے قبل اپنی ایف ایس سی یا A لیول میں اضافی ریاضی کا مضمون پاس کر چکے ہوں۔ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان نیوی کی ویب سائٹ www.joinpaknavy.gov.pk کے ذریعے 2 نومبر 2025 تک آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں، جبکہ مزید معلومات کے لیے پاکستان نیوی ریکروٹمنٹ اینڈ سلیکشن سینٹر سکھر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔