ایڈم مرسر گروپ آف کمپنیز کے اعلیٰ سطحی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ایڈم مرسر گروپ آف کمپنیز کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت یوکے-پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ ممبر چوہدری شفیق الرحمان نے کی۔ دورے کا مقصد پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔

وفد میں لندن میں گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر امان رحمان، پاکستان میں گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسان رحمان، لندن بورو آف ہنسلو کے سب سے کم عمر کونسلر فرحان رحمان اور برطانیہ- پاکستان میں گروپ کے ڈائریکٹر چوہدری لیاقت علی شامل تھے۔ وفد سے ملاقات میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے رئیل اسٹیٹ، خوراک، تعلیم اور کاروباری ترقی کے شعبوں میں تعاون کے ممکنہ امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گروپ چیئرمین چوہدری شفیق الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوٹلنگ کے شعبے میں پہلے ہی کامیابی سے کام کرنے والا اے ایم گروپ اب پاکستان میں مختلف شعبوں میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ ٹریننگ کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے بھی پرعزم ہے تاکہ وہ ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت کے تخلیق کار بن سکیں۔

آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری لانے کے گروپ کے عزم کو سراہا اور اس نیک اقدام کو یقینی بنانے کے لئے آئی سی سی آئی کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔فرحان رحمان کو لندن بورو آف ہنسلو کا کم عمر ترین کونسلر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ فرحان پوری پاکستانی قوم کے لئے فخر کا باعث ہے، ہمارے نوجوان بے حد باصلاحیت ہیں اور انہیں عالمی سطح پر چمکنے کے لئے صرف صحیح مواقع کی ضرورت ہے۔