ہری پور، این اے 18 کے ضمنی انتخابات،14 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ہری پور کے حلقہ این اے 18 کے ضمنی انتخابات کے لیے 14 اُمیدواروں نے کا غذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔ ریٹرنگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کروانے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء پیر صابر شاہ،ضلعی صدر (ن) لیگ صاحبزادہ حامد شاہ،(ن) لیگی رہنماء و سابق ایم این اے بابر نواز خان،(ن) لیگ کے رہنماء سردار مشتاق،پی پی پی کی رہنماء ارم فاطمہ،سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان کی بیوی شہرناز ایوب،محمد سرور ولد محمد منیر،اسد عثمان سکنہ کھلابٹ،سردار عبدالراؤف ایڈووکیٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وفاقی وزیر اور رکنِ قومی اسمبلی عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق اُمیدوار 15 سے 17 اکتوبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے جس کے بعد نامزد اُمیدواروں کی فہرست 18 اکتوبر کو شائع کی جائے گی جبکہ 22 اکتوبر کو ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے اور نامزدگیوں کے رد یا قبول کیے جانے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 27 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی،03 نومبر تک اپیلیٹ ٹربیونل فیصلہ سنائے گا اور اُمیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 04 نومبر کو جاری کی جائے گی جبکہ دستبرداری کی آخری تاریخ 05 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

انتخابی نشانات 06 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ 23 نومبر 2025 کو ہوگی۔