گلگت بلتستان ،شہدا کیلئے اسسٹنٹ پیکیج کے تحت سرکاری اداروں میں ملازمت کا کوٹا مختص ،اسمبلی میں قرارداد منظور

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:50

ْگلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاک آرمی کے شہدا کے لیے اسسٹنٹ پیکج کے تحت گلگت بلتستان کے تمام سرکاری اداروں میں ملازمت کا کوٹا مختص کرنے کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی میں قرارداد کی متفقہ منظوری دی گئی۔جمعہ کے روز سپیکر نذیر احمد کی زیر صدارت اجلاس میں یہ قرارداد صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون ،مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان اور رکن اسمبلی کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ نے مشترکہ طور پر پیش کی۔

رکن اسمبلی کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ نے قرارداد کا متن پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوٹے پر شہدا کے لواحقین سے ہی بھرتیاں میرٹ اور اہلیت کے تقاضوں کے مطابق کی جائیں تاکہ شہدا کے اہل خانہ کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ قواعد و ضوابط میں اس ضمن میں ضروری ترمیمات اور نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ حکومت گلگت بلتستان سے اس قرارداد پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنا کر شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ریاستی سطح پر ان کی قربانیوں کا عملی اعتراف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد پر اپوزیشن لیڈر کاظم میثم اور دیگر اپوزیشن اراکین نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ محض قرارداد پاس کرنے کی بجائے فوری طور پر سروس رولز میں ترمیم کر کے شہدا کے ورثا کیلئے ملازمت فراہم کرنے کی گنجائش پیدا کی جائے اس سے قبل ایوان میں صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کیڈٹ کالج بل 2025میں ترامیم کے حوالے سے رپورٹ سے اتفاق کرتے ہوئے سپیکر سے بل کی منظوری کیلئے تحریک پیش کرنے کی درخواست کی،جس پر سپیکر نے کیڈٹ کالج بل 2025 کو پیر تک کے لیے موخر کر دیا اور اسمبلی اجلاس پیر سہہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔