مینو فیکچررز ،برآمد کنندگان کیلئے بیرون ممالک مصنوعات فرنچائز کرنے کے مواقع تلاش کرنے کیلئے اہم پیشرفت

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 11:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) یورپ سمیت مختلف خطوںکے ممالک میں پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات فرنچائز کرنے کے مواقع تلاش کرنے کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔پہلی مرتبہ پاکستان کے مختلف سیکٹرز سے 15رکنی وفد کو آئندہ ماہ منعقد ہونے والی فرنچائز ایکسپو جرمنی میں مدعو کر لیا گیا ۔ مذکورہ ایکسپو 6 سے 8 نومبر تک جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے ایگزیبیشن سنٹر میں منعقد ہوگی جسے فرنچائز نیٹ ورکنگ اور بزنس ایکسپینشن ایونٹ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن (پسمیڈا)کے وائس چیئرمین محمد یاسین نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائز ایکسپو میں اپنی نوعیت کا منفرد ایونٹ ہے جس کے ذریعے مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان اپنے لئے وسیع مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسپو میں دنیا کے مختلف ممالک سے نامور برانڈز اور نئے کاروباری ادارے شریک ہوں گے جہاں5ہزار ڈالر سے ایک ملین ڈالر تک تک سرمایہ کاری کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے ۔

محمد یاسین نے بتایا کہ ایکسپو میں مختلف صنعتوں سے متعلق جامع اور موثر آگاہی سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں ماہرین فرنچائزنگ کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے لوگ اعلی معیار کی مصنوعات تیار کرتے ہیں لیکن انہیں یورپ سمیت دیگر ممالک میں فرنچائز کرنے کے بارے میں کوئی آگاہی نہیں ہوتی ۔ اگر پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی مصنوعات کی فرنچائز دینے کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کو راغب کر لیں تو اس سے نہ صرف بڑے پیمانے پر پیشگی قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن ہوگا بلکہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائز ایکسپو جرمنی ایسے پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کے لئے بڑا موقع ہے جنہیں یہ اعتماد ہے کہ ان کی مصنوعات مختلف ممالک میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں ۔ اس ایونٹ میں بہت سے نامور غیر ملکی کاروباری ادارے شریک ہوں گے جو مصنوعات کے اعلی معیار کے باعث آپ کی مصنوعات کی فرنچائز کے حصول کے خواہشمند ہوسکتے ۔انہوں نے ایونٹ میں سروسز فراہم کرنے والی نامور کمپنیاں بھی شریک ہوں گی جو فرنچائز کے حوالے سے تمام معاملات اور اس کی دستاویزات کی تیاری میں مدد فراہم کرتی ہیں۔

محمد یاسین نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان کے لئے کامیابیاں حاصل کی جائیں اور مقامی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو بھی اس سے آگاہی دیں تاکہ وہ بھی دنیا میں فرنچائز کے ٹرینڈ کے حوالے سے پیشرفت کریں جس کے لئے انہیں ہر طرح کی رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔