باجوڑ، پولیس سہولت مرکز نے کام شروع کردیا

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 18:43

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کی قیادت میں عوامی سہولت کے پیشِ نظر پولیس سہولت مرکز نے باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کردیا ہے۔سول کالونی خار میں واقع پولیس سہولت مرکز میں عوام الناس کو تمام بنیادی سہولیات ایک ہی چھت تلے پُرسکون، شفاف اور مہذب ماحول میں فراہم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

سہولیات میں بیرونِ ملک کلیئرنس سرٹیفکیٹ، کرایہ دار رجسٹریشن، ویزہ کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس بھرتی اور متعلقہ اشتہارات، پولیس ویلفیئر سکول میں میٹرک تک داخلے، گمشدہ اشیاء کی رپورٹ، سرکاری ملازمین کے سابقہ ریکارڈ کی تصدیق، پولیس ٹینڈر معلومات، ٹریفک سے متعلق رہنمائی، غیرملکیوں کی رجسٹریشن (وزارتِ داخلہ کے ایس او پی کے مطابق)، خیبرپختونخوا کے اہم ایکٹس و قوانین کی ڈاؤنلوڈنگ، ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر ضروری خدمات شامل ہیں۔ضلعی پولیس کا کہنا ہے کہ اس مرکز کے قیام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔