Live Updates

افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں پاکستان مخالف دہشتگرد گروہ خارجی گل بہادر گروپ کے ٹھکانوں پر حملے ، 70 سے زائد خوارج ہلاک ہوگئے، سکیورٹی حکام

اتوار 19 اکتوبر 2025 01:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) سکیورٹی حکام کے مطابق 17 اکتوبر کی رات کوافغانستان کے صوبہ پکتیکا میں پاکستان مخالف دہشتگرد گروہ خارجی گل بہادر گروپ کے دہشتگرد ٹھکانوں پر حملے کیے جس سے 70 سے زائد خوارج ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی حکام کے مطابق انٹیلیجنس ذرائع کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق کارروائیوں میں خارجی گل بہادر گروپ کے 70 سے زائد دہشتگرد جن میں اہم کمانڈرز بھی شامل تھے، ہلاک کر دیے گئے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق خارجی گل بہادر گروپ افغانستان سے دراندازی کر کے پاکستان میں کئی بڑے دہشتگرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔17 اکتوبر کو اسی گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے خدی میں VBIED حملے کی کوشش بھی کی، جسے ناکام بنا دیا گیا،اس دہشتگرد حملے میں تین خواتین، دو بچے اور ایک سپاہی شہید ہوئے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق خارجی گل بہادر گروپ کے خلاف 17 اکتوبر کی رات کیے گئے درستگی پر مبنی فضائی حملوں میں متعدد اہم دہشتگرد سرغنہ مارے گئے، جن میں خارجی فرمان الیاس الکرامہ شامل ہے جس کی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی دیگر ہلاک شدگان میں خارجی صادق اللہ داور،خارجی غازی مدی خیل،خارجی مقرّب اورخارجی قسمت اللہ شامل ہیں۔

مزید جن دہشتگردوں کا خاتمہ کیا گیا، ان میں خارجی گلاب الیاس دیوانہ،خارجی رحمانی،خارجی عادل اورخارجی فضل الرحمان شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ دہشتگرد فضل الرحمان کا تعلق خارجی گل بہادر کے قریبی خاندان سے تھا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق اسی طرح خارجی عاشق اللہ الیاس کوثر اور خارجی یونس بھی ان کارروائیوں میں مارے گئے۔سکیورٹی حکام کے مطابق تمام ہلاک شدہ دہشتگرد خارجی گل بہادر نیٹ ورک کے اہم سرغنے تھےاور ان کا خاتمہ ایک بڑی آپریشنل کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات