شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل ملازمین کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے،آئی جی پنجاب

اتوار 19 اکتوبر 2025 11:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے اہلخانہ کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کے لئے پرعزم ہے۔آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے ملازمین کے سنگین بیماریوں کا شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے35 لاکھ84 ہزار روپے جاری کر دیئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی اعظم علی کو بیٹی کی کلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے16 لاکھ60 ہزار روپے کی منظوری دے دی، نائب قاصد محمد ظفر کو بیٹے کے بلڈ کینسر کے علاج کیلئے05 لاکھ روپے دئیے گئے۔

ڈی ایس پی محمد اویس قرنی کو بیٹی کے پھیپھڑوں کے عارضہ کے علاج کیلئے03 لاکھ روپے کی منظوری دی،ٹریفک وارڈن شاہد محمود کو بیٹے کے سانس کے عارضہ کے علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل وقاص احمد کو بیٹے کے سر اور ٹانگ کی انجری کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فنڈز جاری کئے۔ سب انسپکٹر تصور حسین، کانسٹیبل امجد رضا، شہید کانسٹیبل محمد نیاز کی اہلیہ کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر اڑھائی لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے۔

جونیئر کلرک لطیف الرحمن، کانسٹیبل یاسر ،کانسٹیبل نعمان اختر کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر02 لاکھ6 ہزار روپے جاری کیے گئے۔ ہیڈ کانسٹیبل بابر حسین، کانسٹیبل محمد رفیق، کانسٹیبل محمد امریز کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر01 لاکھ68 ہزار روپے دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی و منظوری کے بعد جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل ملازمین کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔