دنیا میں آرگینک خوراک کی طلب میں سالانہ10.6 فیصد اضافہ ہو رہا ہے ‘ نجم مزاری

یورپی یونین نے 2030 تک زرعی زمین کا 25فیصد آرگینک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے

اتوار 19 اکتوبر 2025 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) آرگینک خوراک او رمصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آرگینک خوراک کی طلب میں سالانہ10.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ،پاکستان میں اس وقت صرف ایک فیصد سے بھی کم زرعی زمین آرگینک طریقے سے استعمال ہو رہی ہے جبکہ عالمی اوسط تقریبا16فیصد ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آرگینک زراعت کے فروغ کی راہ میں کئی طرح کی رکاوٹیں ہیں جن کی تسلسل کے ساتھ نشاندہی کر رہے ہیں،حکومتی سطح پر سرٹیفکیشن کے لئے واضح پالیسی نہیں ہے ،کسانوں کی تربیت، مالی معاونت اور مارکیٹ تک رسائی نہ ہونا بھی بڑی رکاوٹیں ہیں۔ ہمسایہ ممالک سمیت دنیا کے کئی ممالک آرگینک زراعت کے فروغ کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہے ہیں،ہمارے ہمسائے میں نیشنل پروگرام فار آرگینک پروڈکشن کے تحت ہزاروں کسانوں کو تربیت دی گئی ہے،یورپی یونین نے 2030 تک اپنی زرعی زمین کا 25فیصد آرگینک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے،چین میں سرکاری سطح پر آرگینک سرٹیفکیشن کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجم مزاری نے کہا کہ تخمینے کے مطابق 2030 تک عالمی سطح پر آرگینک خوراک اور مصنوعات کی مارکیٹ کا حجم 437ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔انہوں نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ فوری طو رپر قومی آرگینک پالیسیکی تیاری کی جائے ،آرگینک زراعت کی جانب راغب ہونے والے کاشتکاروں کے لیے سبسڈی اور سرٹیفکیشن سکیم لائی جائے اورصارفین کے لیے آگاہی مہمات چلائی جائیں،آرگینک زراعت کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے اور بڑے شہروں میں آرگینک کسان مارکیٹسکا قیام عمل میں لایا جائے۔