صارفین کو بہتر وولٹیج کی فراہمی کیلئے میپکو کا ڈسٹری بیوشن سسٹم اپ گریڈیشن پروگرام شروع

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے صارفین کو بہتر وولٹیج کے ساتھ بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی اپ گریڈیشن اور مینٹیننس پروگرام شروع کر دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے کہا ہے کہ تمام ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز لائن لاسز میں کمی اور ریکوری کے اہداف ہر صورت حاصل کریں، بصورت دیگر آئندہ ماہ سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے میپکو بہاولپور سرکل کے دورے کے موقع پر آپریشنل افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی فوری مرمت کی جائے تاکہ آئندہ موسمِ گرما میں صارفین کو مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری مہم میں رینجرز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور جرمانے کی ادائیگی تک کنکشن کسی صورت بحال نہ کیے جائیں۔

سی ای او میپکو نے صارفین کی سہولت کے لیے کسٹمر فیسیلیٹیشن سینٹرز کو مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور مؤثر مانیٹرنگ کے لیے تین شفٹوں میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے حل میں تاخیر یا غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔انجینئر گل محمد زاہد نے کہا کہ لائن اسٹاف کی سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی نگرانی سختی سے کی جائے گی۔ اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹی آر ڈبلیو محمد ثاقب، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رحمت اللہ اور تمام ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئرز نے شرکت کی۔