وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو پرامن، خوشحال اور قانون کی بالادستی والا صوبہ بنائیں گے، وزیر قانون رانا محمد اقبال

اتوار 19 اکتوبر 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیرِ قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے ضلع قصور کے مختلف علاقوں بالخصوص قصور بارڈر، نتھے خالصہ، دینا ناتھ، پھول نگر بائی پاس، گلزار جاگیر سمیت متعدد مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپوں میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان، عمائدینِ علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا۔

کارکنان نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، نعرے لگائے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور اپنے رہنما کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ قانون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی قیادت بالخصوص قائدِ مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، صدرِ مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تہہِ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے وزارتِ قانون جیسا اہم منصب سونپا۔

(جاری ہے)

میں پوری دیانتداری سے قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں صوبہ پنجاب کو پرامن، خوشحال اور قانون کی بالادستی والا صوبہ بنائیں گے۔ پنجاب میں انصاف کی فراہمی کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے گا، عدالتوں کے نظام کو بہتر کرنے، وکلا اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

رانا محمد اقبال خان نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتے ہیں۔ ہمیشہ خدمت، شفافیت اور قانون کی عملداری کو اپنا مشن بنایا ہے۔ حلقے کی ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور عوامی سہولتوں کے منصوبوں کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھوں گا۔ عوامی حلقوں نے رانا محمد اقبال خان کو وزارتِ قانون کا قلمدان ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ حلقے کے عوام نے کہا کہ یہ تقرری مسلم لیگ (ن) کے لیے باعثِ فخر اور علاقے کے لیے خوش آئند ہے۔