گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ارشد بیگ کی ملاقات

منگل 21 اکتوبر 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ارشد بیگ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سپیشل سیکرٹری نے گورنر کو پانچ سالہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر مکمل اعتماد میں لیا اور بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران سپیشل سیکرٹری نے بتایا کہ بلدیاتی اداروں کا دورانیہ 5 سال کا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکٹ 2025 کے تحت ہر یونین کونسل میں 13ارکان ہوں گے جو 25000افراد کی آبادی کی نمائندگی کریں گے جس میں 9براہ راست منتخب کونسلر اور4مخصوص نشستیں ہوں گی۔مخصوص نشستوں پر ایک خواتین کی، ایک نوجوان، ایک مزدور اور ایک اقلیتوں کیلئے ہو گی۔چیئرمین اور نائب چیئرمین کے نام یونین کونسل کے اندرونی انتخابات کے ذریعے منتخب کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ منتخب ممبران کو ایک ماہ کے اندر کسی نہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ضروری ہو گا جبکہ یونین کونسل میں وارڈ نظام ختم کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات عوام تک منتقل کرنا پیپلزپارٹی کا شیوارہا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی نظام کسی بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے نفاذ سے یونین کونسل کی سطح پراختیارات اور فنڈز منتقل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور اپنے ورکروں اور کارکنان کو اقتدار کے ایوانوں میںلے کر جاتی ہے۔گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے میںبلدیاتی انتخابات جلد ہوں گے۔