یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں چین کے قیامِ جمہوریہ کی 76ویں سالگرہ کی پروقار تقریب، 21 طلبہ میں اسکالرشپس تقسیم

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 21 اکتوبر 2025 18:36

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں چین کے قیامِ جمہوریہ کی 76ویں سالگرہ کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2025ء) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں عوامی جمہوریہ چین کی 76ویں سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل چین مسٹر ژاؤ شی رین تھے۔ تقریب کا مقصد چائنیز قونصلیٹ اسکالرشپ 2025ء کی تقسیم تھا، جس میں لاہور میں مقیم چینی برادری کے 40 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ کے استقبالیہ کلمات سے ہوا جنہوں نے قونصل جنرل کا پُرتپاک خیر مقدم کیا اور مستحق طلبہ کو اسکالرشپس دینے پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چینی ثقافت، سائنسی ترقی اور باہمی تعاون پر مبنی مختصر دستاویزی فلمیں بھی پیش کی گئیں۔ قونصل جنرل مسٹر ژاؤ شی رین نے اعلان کیا کہ آئندہ سال سے اسکالرشپس کی رقم دو ملین روپے تک بڑھا دی جائے گی۔ انہوں نے 21 خوش نصیب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے اس تاریخی تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور تعلیمی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔ ڈاکٹر حماد نوید نے مہمانِ خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے پہلے حصے کا اختتام گروپ فوٹو اور یادگاری تحفے کی پیشکش سے ہوا۔