پاکستان میں خشک سالی یا ریکارڈ سردی کا امکان نہیں:این ڈی ایم اے

بدھ 22 اکتوبر 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے مطابق پاکستان میں رواں سال خشک سالی یا ریکارڈ سردی کا کوئی امکان نہیں۔ تاہم، ملک میں بارشیں معمول سے کم ہوں گی جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری بھی کم متوقع ہے۔ادارے کے مطابق مون سون کے دوران 23 فیصد اضافی بارشوں کے باعث سردیوں میں پانی کی کمی کا خدشہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ خشک سالی کی نوعیت صرف بلوچستان کے چند علاقوں تک محدود رہے گی، جہاں خاران، چاغی اور نوشکی میں ہلکی نوعیت کی موسمی خشک سالی متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق لانینا کے اثرات کے باعث رواں سال ریکارڈ سردی نہیں پڑے گی، تاہم دسمبر اور جنوری کے مہینے معمول سے زیادہ ٹھنڈے رہنے کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ معمول سے کچھ زیادہ سردی اور خشکی محسوس کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بارشوں میں کمی سے فضائی معیار متاثر ہو سکتا ہے، جس سے سانس اور دیگر بیماریوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔