لاہوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ، نئی دہلی سرفہرست

جمعرات 23 اکتوبر 2025 16:26

لاہوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ، نئی دہلی سرفہرست
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2025ء) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ایک بار پھر سرفہرست شہروں میں شامل ہوگیا ۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق جمعرات کے روز لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر تھا۔ نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح 239، لاہور میں 237اور کراچی میں 179ریکارڈ کی گئی۔

ایئر کوالٹی انڈکس پنجاب کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کے روز ڈیرہ غازی خان صوبے کا سب سے آلودہ شہر قرار پایا ہے، جہاں اے کیو آئی کی شرح 461تک پہنچ گئی۔ گجرانوالہ میں یہ شرح 421، فیصل آباد میں 287، لاہور میں 271اور شیخوپورہ میں 260 ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔

(جاری ہے)

ملتان روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 411ریکارڈ کی گئی، ڈی ایچ اے فیز 6میں 380، کاہنہ میں 314، شاہدرہ میں 313، برکی روڈ پر 257اور سفاری پارک کے قریب 246 رہی۔

آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک سطح پر موجود ہے۔ برکی روڈ پر اے کیو آئی 474، راوی روڈ پر 336، بیدیاں روڈ پر 322اور شادمان مارکیٹ کے قریب 291ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین ماحولیات کے مطابق اس سطح کی آلودگی انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔