گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز کے حصول کیلئے پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ پورٹل پر 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 28 نومبر 2025 16:31

گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز کے حصول کیلئے پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ پورٹل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 نومبر2025ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام کے تحت بین الاقوامی سرٹیفکیشنز کے حصول کیلئے ستمبر 2024 سے ابتک 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ یہ بات پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر جنرل ای گورننس ساجد لطیف، ڈائریکٹر سکلز ڈویلپمنٹ وِنگ چوہدری احمد اسلام اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ پورٹل کے ذریعے اب تک 7 ہزار سے زائد امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کی جا چکی ہے، تقریباً 4 سو امیدواروں کی پیمنٹ کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ 278 سرٹیفکیٹس کی تصدیق کرنے کے بعد فیس واپسی کا عمل بھی جاری یے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ سرٹیفیکیشنز کامیابی سے مکمل کرنے والے 226 نوجوانوں کو ان کے کورس کی مکمل فیس ان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر بھی کر دی گئی ہے۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیشنز پروگرام نہ صرف عالمی سطح کی ٹیک کمپنیوں کے سرٹیفکیشنز تک رسائی فراہم کرتا ہے بلکہ کامیاب امیدواروں کو حکومت کی جانب سے کورس فیس کی مکمل واپسی بھی یقینی بناتا ہے۔

متعلقہ عنوان :