Live Updates

نوکریاں پیدا کرنا حکومت کا کام نہیں، اس کام کیلئے پرائیویٹ سیکٹر ہے، وزیرخزانہ

مہنگائی ابھی قابو میں ہے، سٹارٹ اپس اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے سازگارماحول حکومت کی ترجیح ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو ملک کو لیڈ کرنا ہوگا؛ لاہور میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 دسمبر 2025 16:54

نوکریاں پیدا کرنا حکومت کا کام نہیں، اس کام کیلئے پرائیویٹ سیکٹر ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2025ء) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوکریاں پیدا کرنا حکومت کا کام نہیں، یہ کام پرائیویٹ سیکٹر کا ہے، سٹارٹ اپس اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے سازگارماحول حکومت کی ترجیح ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو ملک کو لیڈ کرنا ہوگا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس اور تمام پارلیمنٹرینز کے اثاثے 31 دسمبر کو ویب سائٹ پر آ جاتے ہیں، اسی طرح آئی ایم ایف نے سرکاری ملازمین کے اثاثے سامنے لانے کا کہا ہے، اس حوالے سے قانون سازی کر چکے ہیں، یہ اضافی شرط نہیں عملی اقدام ہے جب کہ اگلے سال کا بجٹ ایف بی آر نہیں پالیسی ساز بنائے گا، سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بحال ہونے سے بزنس کو فروغ ملا، ہر سیکٹر ایکسپورٹ کرے، ہم خدمت کے لیے حاضر ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل معیشت اور ای کامرس سے کاروباری سرگرمیوں میں وسعت آئی، ٹیکس نیٹ میں توسیع، ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کا اعتماد بڑھا، خود کار نظام سے ٹیکس وصولی میں شفافیت اور اعتماد میں اضافہ خوش آئند ہے، وزیراعظم کی معاشی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کی بدولت بدعنوانی میں نمایاں حد تک کمی آئی، ملک میں مہنگائی کی شرح ابھی قابو میں ہے، ہمیں ڈیجیٹل اکانومی کی طرف جانا ہے، ہم نے جو کرپٹو ایکسچینجز کو لائسنس دینے کا معاہدہ کیا ہے اس سے مزید بہتری آئے گی، ڈھائی کروڑ سے زائد پاکستانی کرپٹو کے کاروبار میں شامل ہیں، اکثریت نوجوانوں کی ہے، ملک چلے گا، معیشت چلے گی اور ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ این ایف سی کے 8 گروپ میں سے 2 وفاق اور 6 صوبوں کے پاس ہیں، این ایف سی ایوارڈ پر پچھلے ہفتے اجلاس ہوا، چاروں صوبائی وزرائے خزانہ سے بہت اچھے ماحول میں بات ہوئی، پاسکو کو ہم بند کر رہے ہیں، یہ ادارہ کرپشن کا گڑھ تھا، فاٹا پاٹا میں مال فروخت نہیں ہو رہا، واپس آرہا ہے اور یہاں فروخت ہو رہا ہے، اچھے اقدامات کو سراہیں، ملک چلے گا، معیشت چلے گی اور ملک کو آگے لے کر جائیں گے، فارمل سیکٹر نے ہمیں کہا ہے نان کمپلائنس سیکٹر کے پیچھے جائیں۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات