الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت بچوں کیلئے 3روزہ لیڈر شپ کیمپ

بچوں کیلئے مختلف سیشنز کے ذریعے زندگی کا مقصد،کمیونیکیشن اسکلز ،اسٹوری ٹیلنگ ودیگر عنوانات سے سرگرمیوں کا اہتمام

بدھ 31 دسمبر 2025 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2025ء) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت بچوں کے لیے 3روزہ لیڈرشپ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ کیمپ میں بچوں کو مختلف نشستوں کے ذریعے قیادت، خود اعتمادی، کردار سازی اور کامیاب زندگی کی بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد ان باہمت بچوں کو روشن اور محفوظ مستقبل لیے تیار کرنا تھااور ان میں خود اعتمادی اور کردارسازی کی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا ۔

کیمپ آغوش ہوم کراچی میں منعقد کیا گیا ،کیمپ میں چاروں خلفائے راشدین ، سید ابوالاعلی مودودی ،حسن البنا شہید ،سید منور حسن ،یحیی السنوارشہید ،اسماعیل ہنیہ شہید ،عبد المالک شہید کے ناموں سے باہمت بچوں کے 10 گروپس بنائے گئے تھے ،کیمپ میں زندگی کا مقصد،کمیونیکیشن اسکلز ،اسٹوری ٹیلنگ،ایفیکٹو لیڈرٹیم بلڈنگ اور21ویں صدی کی صلاحیتیں کے عنوان سے مختلف تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کیمپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ الخدمت یتیم بچوں پروش اور کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی ہمہ جہت تربیت بھی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لیڈرشپ کیمپس بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے، مثبت سوچ کو فروغ دینے اور انہیں معاشرے کا مفید فرد بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یوسف محی الدین نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ اس 3 روزہ کیمپ میں باہمت بچے شریک ہیں ،یہی بچے اعلی تعلیم حاصل کر کے مستقبل کے ذمہ دار اور باکردار قائد بن سکتے ہیںلیکن درست سمت میں رہنمائی اور مواقع کی دستیابی بھی ضروری ہے جو الخدمت انہیں فراہم کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کیمپس آئندہ بھی منعقد کیے جاتے رہیں گے۔

اس موقع پر سینئر منیجر آرفن کیئر پروگرام اطہر سلیمان نے کہا کہ لیڈر شپ کیمپ کے دوران بچوں نے سیکھنے کا غیر معمولی جذبہ دکھایا، جو ان کے روشن مستقبل کی جانب ایک قدم ہے ،کیمپ کے اختتام پریوسف محی الدین اور اطہر سلیمان نے بچوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اورانہیں لیڈر شپ کیمپ میں شرکت پر مبارکباد دی ۔